پونے :پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے پر شہری گرفتار

نئی دلی: بھارت کے شہرپونے میں مبینہ طور پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے کے الزام میں ایک شہری کی گرفتاری نے ملک میں آزادی اظہار کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مودی حکومت کے دور میں اختلافِ رائے کے لیے سکڑتی ہوئی گنجائش کی نشاندہی کرتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مذکورہ شخص کو مبینہ طور پرپاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے کے بعد حراست میں لیا گیا، جسے حکام نے ایک مجرمانہ فعل قرار دیاہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے بھارت کے سیاسی ماحول میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی عکاسی ہوتی ہے ، جہاں ایک نعرے پر بھی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت میں بڑھتی ہوئی سماجی تقسیم اور اندرونی اختلافات کو حل کرنے کے بجائے مودی حکومت ایک سخت قوم پرستانہ بیانیے کو فروغ دیتی نظر آتی ہے اور اظہارِ رائے پر سخت نگرانی کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں غالب سیاسی بیانیے سے اختلاف رکھنے والے خیالات کو اکثر تیزی سے مجرمانہ رنگ دے دیا جاتا ہے، جو ملک میں جمہوری گنجائش کم ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے بھارت کے دعوئوں پر بھی سوالات اٹھاتے ہیں ، کیونکہ شہری آزادیوں، اظہارِ رائے کی آزادی اور اختلافِ رائے کی برداشت کو موجودہ سیاسی ماحول میں بڑھتے ہوئے دبائوکا سامنا ہے۔





