مشعال ملک کا کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے حل کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور
اوسلو:انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کو یقینی بنانے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے ناروے کے شہر اوسلو میں ایک گرجا گھر کے دورے کے دوران مسیحی پادر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں بین المذاہب ہم آہنگی پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور مذہب کو دوسروں کے استحصال کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ فسطائیت کا کوئی مذہب نہیں ہے۔بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری خونریزی اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کاذکر کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ دنیا بھر کے 99فیصد لوگ جنگ نہیں بلکہ امن چاہتے ہیں۔ہندوتوا ذہنیت کے تحت بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی منافرت کے بارے میں انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں بشپ اور اسلامی علمائے دین کے علاوہ دیگر مذہبی مبلغین کو بھی دہشت گردی کی لعنت اور دنیا بھر میں فسطائیت کے بڑھتے ہوئے رجحانات کو ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے ۔