پاکستان کی بھارت میں مساجد ، مسلمانوں کی املاک کی توڑ پھوڑ کی مذمت
اسلام آباد 29 اکتوبر (کے ایم ایس)
پاکستان نے بھارتی ریاست تری پورہ میں انتہا پسند ہندوتوا جتھوں کی طرف سے مساجد اور مسلمانوں کے مکانات، دکانوں کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے ایک بیان میں کہا کہ یہ بہیمانہ حملے گزشتہ ہفتے سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی مشینری مبینہ طور پر نہ صرف مسلمانوں اور ان کی املاک کے تحفظ میں ناکام رہی ہے بلکہ اس نے مسلم تنظیموں کی طرف سے مدد کے لیے کی جانے والی اپیلوں کا بھی کوئی جواب نہیں دیا۔ترجمان نے کہا کہ آج کے بھارت میں اقلیتوں کے لیے بہت کم جگہ ہے۔ انہوں نے آسام میں مسلمانوں کی ان کے عشروں پرانے گھروں سے ظالمانہ بے دخلی کی بھی مذمت کی۔عاصم افتخار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر اور بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف حملوں کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور ان کی حفاظت، سلامتی اور فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ان کی عبادت گاہوں اور ورثے کے مقامات کے تحفظ کو یقینی بنائے۔