یوم شہدائے جموں کے سلسلے میںمظفرآباد میں ریلی کا انعقاد
مظفرآباد 06 نومبر (کے ایم ایس) یوم شہدائے جموںکے سلسلے میں آج مظفرآباد میںپاسبان حریت جموںوکشمیر کے زیراہتمام ایک ریلی نکالی گئی ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءنے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ جموں کے ان مسلمان شہداءکی یادیں جنہیں ہندو دہشت گردوں، سکھ بلوائیوں اور ڈوگرہ راج کے فوجیوں نے ان کے گھروں سے نکال کر ظلم وبربریت کا نشانہ بنایا، آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں محفوظ ہیں۔ انہوںنے کہا کے اسوقت کی بھارتی حکومت نے ایک منظم سازش کے ذریعے مسلم اکثریتی خطے کو اقلیت میں بدلنے کیلئے دہشت گردوں کا سہارا لے کر لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کروایا۔ مسلمانوں کی بستیوں کو تاراج اور گھروں کو نذرآتش کیاگیا۔ مقررین نے کہا کہ جموں میں مسلمانوں کا قتل عام کرکے باقی مسلمانوں کو اتنا خوفزدہ کیا گیا کہ وہ سب کچھ چھوڑ کر ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم مسلمانوں کو دھوکہ اور فریب دے کر پاکستان بھیجنے کی امید دلا ئی گئی اور دسیوں ہزار خواتین ، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کو جموں شہر اور مضافاتی علاقوں اور بستیوں میں تلواروں، برچھوں ، کلہاڑیوں اور گولیوں سے بے دردی کے ساتھ شہید کیاگیا۔ ہزاروں مسلم خواتین کو بلوائیوں نے اغواءکیا۔ مقررین نے کہا کے 6 نومبر کے قتل عام اور ہجرت سے قبل جموں میں مسلمان غالب اکثریت میں تھے لیکن بھارتی حکمرانوں اور دہشت گرد گروہوں کی نہتے مسلمانوں پر مسلط کردہ یکطرفہ جنگ سے انہیں اقلیت میں تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ غیر جانبدار مبصرین کی رپورٹوں اور ثبوتوں کے باوجود اس قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کو دنیا کے کسی انصاف پسند ادارے نے گرفت میں نہیں لیا۔ مقررین نے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے آج بھی ایک جارح اور دہشت گرد ملک کے طور پر مقبوضہ وادی کشمیر میں مسلمانوںکے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ انہوںنے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل،اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموںسے مطالبہ کیا کہ وہ 6 نومبر 1947 کے قتل عام اور 1990 کی دہائی سے مقبوضہ جموںو کشمیر میں جاری بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیں اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دیں۔ ریلی سے پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی ، حریت رہنمامشتاق الاسلام، پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، عظمت حیات کشمیری، ڈاکٹر محمد منظور اوردیگر نے خطاب کیا۔