مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کرنے پر آسٹریلوی پارلیمنٹیرینز کا خیرمقدم
اسلام آباد 29 اکتوبر (کے ایم ایس)
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے آسٹریلوی پارلیمنٹیرینز کی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم پر آواز بلند کرنے پر ان کا شکر یہ ادا کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں آسٹریلوی پارلیمنٹیرینز سے ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کشمیریوں سے جانوروں سے بدتر سلوک کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں کاقتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ اقوام متحدہ کشمیر بارے اپنی ہی قراردادوں پر آج تک عملدرآمد کرانے میں ناکام رہاہے۔مشعال ملک نے کہاکہ وہ نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے پرآسڑیلوی اراکین پارلیمنٹ کی مشکور ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملاقات کے دوران آسڑیلوی خاتون سینیٹر نے مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیلئے آواز بلند کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے اور مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کی حمایت کی ہے۔