شورش زدہ منی پور میں 200دنوں سے انٹرنیٹ سروس معطل ، رپورٹ
نئی دلی:بھارت میں انٹرنیٹ کی معطلی کے واقعات پر نظر رکھنے والی ایک تنظیم InternetShutdowns.inکی رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ شورش زدہ ریاست منی پور میں 200دنوں سے زائد عرصے سے انٹرنیٹ بند ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شمال مشرقی ریاست منی پورمیں 3مئی کومیتی اور کوکی برادریوں کے درمیان نسلی فسادات کے بعد سے ریاست میں موبائل انٹرنیٹ مکمل یا جزوی طور پر معطل ہے۔انٹرنیٹ کو ستمبر میں 3دن کے لیے مختصر طور پر بحال کیا گیا تھا، جس کے بعد دوبارہ انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نفرت انگیز تقریر اور تشدد کو ہوا دینے کے لیے سوشل میڈیا کے ممکنہ غلط استعمال کے خدشات کے پیش نظر ریاست میں انٹرنیٹ سروسز پر پابندی میں 23نومبر تک توسیع کردی گئی ہے ۔مسلسل پانچ سال سے بھارتی ان ریاستوں کی عالمی فہرست میں سرفہرست ہے جہاں انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں ۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ غریب اور پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو انٹرنیٹ سروسز کی بندش کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے ۔