مقبوضہ جموں وکشمیر :” ایس آئی اے “نے مولانا سرجن برکاتی کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نئی دہلی کے زیر کنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند سینئر رہنما اور معروف عالم دین مولانا سرجان برکاتی کی اہلیہ کو آج (جمعہ) ضلع شوپیاں میں غیر قانونی طور پر گرفتار کر لیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایس آئی اے کے اہلکاروں نے مولانا سرجان برکاتی کی اہلیہ سبروزہ بانو کو ضلع شوپیاں کے علاقے ربن میں گھر پر چھاپہ مار کر ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیا۔
یاد رہے کہ مولانا سرجان برکاتی معروف نوجوان رہنما برہان وانی کے 2016 میں ماورائے عدالت قتل کے بعد شروع ہونے والے انتفادہ کے دوران اپنے مخصوص انداز کے نعروںکی وجہ سے انتہائی ہردلعزیز شخصیت بن گئے تھے۔ اپنے پرکشش نعروں کے ذریعے نوجوانوں میں تحریک آزادی کے حوالے سے انتہائی جوش وجذبہ پیدا کرنے کی پاداش میں انہیں اکتوبر 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا اور کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انہیں چار برس تک غیر قانونی حراست میں رکھنے کے بعد 2020 میں رہا کیا گیا تھا۔بھارتی پولیس نے مولانا سرجان برکاتی کو رواں برس اگست میں پھر گرفتار کیا اور وہ اس وقت سینٹرل جیل سری نگر میں بند ہیں۔