بارہمولہ کا نوجوان بنگلور میں دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں ایک جم میں ورزش کے دوران مبینہ طورپر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پٹن کے علاقے پلہالن کے رہائشی 30سالہ محمد اقبال کو ورزش کے دوران سینے میں شدید درد ہونے کے بعد بنگلور کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود محمد اقبال جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑدیا۔ محمد اقبال بنگلور کی ایک کمپنی ٹیلی پرفارمنس میں ملازم تھا۔ خاندانی ذرائع نے بھی صحافیوں کو اس المناک خبر کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ وہ میت کو واپس لانے کے لیے بنگلور جارہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خاندان کو اس واقعے کے بارے میں سوشل میڈیا کے ذریعے پتہ چلا جہاں بنگلور میں کسی نے واٹس ایپ گروپ میں یہ خبر شیئر کی تھی۔ خبر سنتے ہی پورے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا شروع کئے اور سوگوارخاندان کو مدد کی پیشکش کی۔