محاصرے اور تلاشی
مقبوضہ کشمیر:بھارتی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے کے متعدد مقامات پر چھاپے
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نئی دلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے آج متعدد مقامات پر چھاپے مارے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایاہے کہ اسلام آباد اور کولگام اضلاع میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ اسلام آباد اور کولگام اضلاع کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران موبائل فونز، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، بینک اور جائیداد کی دستاویزات قبضے میں لے لیں۔ پولیس اہلکار نے دعویٰ کیا کہ یہ چھاپے خصوصی عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے سرچ وارنٹ پر عمل کرتے ہوئے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس کی ابتدائی تحقیقات پولیس نے کی تھی اور بعدازاں اسے ایس آئی اے کو منتقل کر دیا گیا تھا۔