پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کر دیا
نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے جس کا مقصد اس کے اپنے اندرونی مسائل اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امن کیلئے قیادت کے موضوع پر کھلی بحث میں بھارتی مندوب کے بیان کے جواب میں پاکستانی مشن کے مستقل مندوب گل قیصر سروانی نے بھارت کے موقف کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا۔انہوں نے بھارت کی طرف سے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی مسلسل کوششوں اور ایک جھوٹے بیانیے کا پروپیگنڈا کرنے پر افسوس کا اظہار کیا جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرناہے۔گل قیصر سروانی نے ایک بار پھر کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اورگزشتہ 75 سال سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پرموجود ہے۔پاکستانی سفیر نے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے انہیں مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ بھارت خود اپنے ہمسایہ ملکوں کے خلاف دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے ایک ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کررہاہے۔