مقبوضہ جموں و کشمیر
پونچھ :بھارتی فوجیوں نے تین شہریوں کو دوران حراست شہید کر دیا
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پونچھ میں تین کشمیریوں کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کر کے شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے محفوظ حسین، محمد شوکت اور شبیر احمد کو ضلع پونچھ کے علاقے بفلیاز Bafliaz میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران حراست میںلیا تھا۔ شہریوں کے حراستی قتل کے خلاف علاقے میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔شہداءکے لواحقین نے اپنے پیاروں کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات اور مجرم بھارتی اہلکاروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔
یاد رہے ان تینوں شہریوں کو جمعرات کو ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں بھارتی فوجیوں پر ہونے والے ایک حملے کے بعد گرفتار کیا تھا جس میں پانچ فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے۔