کینیڈین پولیس سکھ رہنما کے قتل میں ملوث 2 افراد کو جلد گرفتار کر سکتی ہے، رپورٹ
ٹورنٹو: کینیڈا کی پولیس روراں برس جون میں برٹش کولمبیا صوبے میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے وحشیانہ قتل میں ملوث دو افراد کو جلد ہی گرفتار کر سکتی ہے۔
کینیڈین اخبار” دی گلوب اینڈ میل “کی ایک رپورٹ میںکہا گیا کہ یہ افراد اس وقت پولیس کی نگرانی میں ہیں اور توقع ہے کہ انہیں آئندہ چند ہفتوں میں گرفتار کر لیا جائے گا۔ رپورٹ میں تین گمنام ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ نجار کے قتل کے بعد دونوں مشتبہ قاتلوں نے کینیڈا نہیں چھوڑا اور کئی مہینوں سے پولیس کی نگرانی میں ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس قاتلوں کے بھارتی حکومت سے تعلق کے بارے میں تفصیلات سے پردہ اٹھائے گی جب باقاعدہ طور پر الزامات عائد کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ نامعلوم افراد نے ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا کے شہر سرے میں ایک گوردوارے کی پارکنگ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔45سالہ نجر سکھوں کی خالصتان تحریک کے ایک سرکردہ رہنما تھے ۔
ستمبر میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ میں نجار کے قتل میں بھارتی حکومت کے ایجنٹوں کے ملوث ہونے کا اعلان کیا۔ تب سے ہندوستان اور کینیڈا کے تعلقات کشیدہ ہیں۔