مقبوضہ کشمیر : نائب وزیراعلیٰ کی طرف سے کشمیریوں کی ملازمتوں اور اراضی کے تحفظ پر زور
جموں:مقبوضہ جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے مقامی لوگوں کی ملازمتوں اور زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں میں نیشنل کانفرنس کے ہیڈکوارٹر میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سریندر چودھری نے بھارتی پولیس سروس کے ایک ریٹائرڈ افسر کی طرف سے دو سیاحتی مقامات میں رعایتی نرخوں پر اراضی کی حالیہ خریداری پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک غیر کشمیری خاتون کوکشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس میں بطور آفیسر بھرتی کیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی غیر کشمیریوں سے کوئی دشمنی نہیں ہے تاہم ہماری اصل فکر یہ ہے کہ ہمارے بچے دلی یا بھارت کے طلبا کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور مقبوضہ کشمیر کے وسائل پر پہلا حق کشمیریوں کا ہونا چاہیے ۔نائب وزیر اعلیٰ نے بی جے پی پر زور دیا کہ وہ اسمبلی میں حال ہی میں منظور ہونے والی جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی قرارداد کی مخالفت کرکے کشمیری عوام کی توہین کرنا بند کرے اورمقامی لوگوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی زمینیں اور نوکریاں سب کچھ غیر کشمیری لوگ ان سے چھین رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ کوئی چھوٹا مسئلہ نہیں ہے۔ سریندر چودھری نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کی اراضی غیر کشمیریوں کو کو نہیں دی جانی چاہیے۔ جیسا کہ حال ہی میں ریٹائر آئی پی ایس افسر کو دو سیاحتی مقامات پر کم نرخوں پر زمین دی گئی ہے ۔