لندن :پروفیسر نذیر احمد شال کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
لندن 30: معروف کشمیری حریت رہنما پروفیسر نذیر احمد شال کی نماز جنازہ آج نمازظہر کے بعد لندن کے مضافاتی قصبے ہونسلوHounslowکی جامع مسجد میں ادا کردی گئی ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری رہنما بیرسٹرعبدالمجید ترمبو سمیت برطانیہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد نے نماز جنازہ میںشرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد انکی تدفین باروگ سیمیٹری قبرستان میں کی گئی۔یاد رہے کہ سینئر کشمیری حریت رہنما، انسانی حقوق کے علمبردار ، شاعر ، ادیب ، صحافی ، کالم نگار اور ماہر تعلیم پروفیسر نذیر احمد شال مختصر علالت کے بعد گزشتہ روز لندن کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔انتقال سے ایک روز قبل انہوں نے بستر علالت سے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کشمیریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ حق خود ارادیت کے یک نکاتی ایجنڈے پر متحدہوں۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے وہ عطا کیا جس کا میں حقدار تھا، میں نے تکالیف دیکھیں لیکن اللہ نے میری رہنمائی کی اور میں نے وہ کیا جو میرے بس میں تھا، میں اپنے دوستو ں سے بھی یہی چاہوں گا کہ وہ رب کائنات کے فیصلوں پر راضی رہیں، میرا رب مجھے معاف اور دوران علالت میرے شانہ بہ شانہ رہنے والی میری شریک حیات شمیم شال پر رحم فرمائے، میں چاہوں گا کہ میری اولاد اور دیگر تمام لوگ پیار و محبت اور امن سے رہیں۔