پاکستان تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا اور اسکے حل کی حمایت جاری رکھے گا، انوار الحق کاکڑ
اسلام آباد:
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے حل کی حمایت جاری رکھے گا۔
انوار الحق کاکڑ نے اسلام آباد میں جاری سفیروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے مقاصد اور منشور پر عملدآمد، اقتصادی سفارتکاری کے فروغ اور فلسطین کاز کی حمایت بھی جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے موجودہ دور کی ضروریات کے مطابق پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر بیان کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی خارجہ پالیسی ایک ترقی پسند اور اقتصادی طور پر خوشحال ریاست کے وژن کے تحت چلائی جانی چاہیے جس میں سماجی واقتصادی طور پر عوام کی فلاح وبہبود کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی دنیا بھر میں امن اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کے مقصد کیلئے جاری رہنی چاہیے۔وزیراعظم نے کانفرنس کو خطے اور دنیا بھر میں ہونے والے تبدیلیوں کے تناظر میں بروقت اور برمحل قراردیا۔انہوں نے پاکستان کی سفارتکاری اور سفارتکاروں پر اعتماد ظاہر کیا کہ وہ بڑھتی ہوئی مشکلات کے باوجود اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرینگے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال کی کانفرنس کے دوران غور وخوص سے عملی تجاوزیر سامنے آئیںگی تاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو موجودہ چیلنجز کے مطابق مرتب کیا جائے۔
اس سے قبل نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور علاقائی اور عالمی صورتحال پر تسلسل سے بحث کی اہمیت پر زور دیاہے۔