بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر کی آبادی کے تناسب کو بگاڑنے سے باز رہے ، حریت قیادت
سرینگر 14فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے مودی حکومت کی طرف سے مختلف حیلے بہانوں سے ان کی زمینوں اورجائیدادوں سے جبری بے دخلی اور املاک منہدم کرنے کی مہم کے خلاف کل مکمل ہڑتال کی اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے بھارت کو مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کشمیریوں کی جبری بے دخلی کی مہم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد مودی حکومت اب کشمیریوں سے انکی روزی روٹی چھیننے اور انہیں ان کے آبائو اجداد سے وراثت میں ملنے والی زمینوں اور جائیدادوں سے محروم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔شبیر شاہ نے کشمیریوں سے آر ایس ایس کی نسل پرست حکومت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیری اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مقبوضہ علاقے میںغیر کشمیریوں کو آباد کرنے کے مودی حکومت کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کیلئے متحد ہو جائیں۔ حریت رہنما نے کہا کہ کشمیریوںکی زمینوں سے جبری بے دخلی کی مہم ایک منظم سازش ہے جس کا مقصد مقامی لوگوں کی منفرد شناخت مٹانا اور انہیں اپنے ہی وطن میں دوسرے درجے کا شہری بنانا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے ہڑتال کی اپیل کی حمایت کرتے ہوئے شبیر شاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ مودی حکومت کے خلاف اپنے غم و غصے کے اظہار کیلئے مکمل ہڑتال کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اور سینئر رہنما اور انصاف پارٹی کے چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت جموں و کشمیر کو ایک اور فلسطین میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ صیہونی اور ہندوتوا دہشت گردی میں بڑی حد تک مماثلت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح یہودی ریاست بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام کر رہی ہے، ان کے گھروں اور دیگر املاک کو تباہ کررہی ہے، ہندوتوا ریاست جموں و کشمیر میں اسی وحشیانہ انداز کو دہرا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کشمیری ہندوتوا دہشت گردی کو ناکام بنانے کے لیے متحد نہ ہو ئے تو تو مودی حکومت سب کچھ تباہ کر دے گی اور کشمیری اپنی شناخت، ثقافت، عزت، وسائل اور بنیادی حقوق سب سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو جائیں گے۔ کل ہڑتال کی اپیل کی حمایت کرتے ہوئے غلام احمد گلزار نے کہاکہ مودی حکومت نے مظلوم کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے اور وہ کشمیر کو قبرستان اور بنجر زمین میں تبدیل کرنااوروہاں غیر کشمیری ہندئووں کو آباد کرکے اپنا شیطانی ہندوتوا ایجنڈا کشمیریوں پر مسلط کرنا چاہتا ہے۔غلام گلزار نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کے مذموم عزائم کو ہر عالمی فورم پر بے نقاب کریں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کرے اور کشمیریوں کو مودی کے ہندوتوا ایجنڈے سے نجات دلائے ۔ انہوں نے کہا کہ مزید تاخیر مقبوضہ علاقے میں انسانی تباہی کو جنم دے سکتی ہے اور اس کی ذمہ داری پوری دنیا پر عائد ہوگی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خادم حسین اور سبط شبیر قمی نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو نے کے بعد بھارت نے مختلف حیلوں بہانوں سے ان کے مکانات اور املاک کو مسمار کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کاواحد قصور یہ ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں ۔