چھتیس گڑھ :بھارتی فوجی کیمپ پر مائو نواز باغیوں کے حملے میں 35 سی آر پی ایف اہلکار ہلاک
رائے پور :بھارت کی شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں ما ئونواز باغیوں نے بھارتی پیراملٹری کیمپ پر حملہ کر کے سینٹرل ریزروپولیس فورس کے 35اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے مرکزی علاقائی بیورو نے کہاہے کہ 16جنوری کو ریاست کے ضلع بیجاپور کے علاقے پامیڈ میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے دھرما ورم کیمپ پر مائو نواز باغیوں کے حملے کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مائو نواز باغیوں کایہ حملہ حال ہی میں شروع کیے گئے ‘آپریشن کاگار-سوریہ شکتی’ کا جواب تھا جوفسطائی ہندوتواحکمرانوں کی طرف سے مائو نوازوں کی آزادی کی تحریک کو کمزور کرنے کیلئے شروع کیاگیاہے۔مائو نواز باغیوں نے ہزاروں انقلابی عوام کے ساتھ اس کارروائی کو انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ تین گھنٹے تک جاری رہنے والے حملے میں مائو نواز باغیوں نے 600سے زیادہ گرینیڈ سی آر پی ایف کیمپ پر پھینکے اور شدید فائرنگ کی۔انہوں نے مزید کہا کہ حملے میں35 سی آر پی ایف اہلکار ہلاک اور 40 سے زیادہ شدید زخمی ہوئے۔ حملے سے پہلے باغیوں نے پورے علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیاتھا۔ مقامی لوگوں نے درختوں سے سڑکیں بند کرکے اضافی ہندوستانی افواج کی نقل و حرکت کوروک دیا اورباغیوں نے آنے والی کمک پر حملوں کیلئے بارودی سرنگیں بھی بچھا ئی تھیں۔