بھارتی پیراملٹری بی ایس ایف نے سرحد پر بنگلہ دیشی نوجوان کو ہلاک کر دیا
کولکتہ: بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکیورٹی فورس نے ریاست مغربی بنگال کے ضلع لالمونیرہاٹ کی پٹگرام سرحدپر ایک بنگلہ دیشی نوجوان کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہلاک نوجوان کی شناخت29سالہ رفیع الاسلام توکلو کے نام سے ہوئی ہے جو بنجر بازار ڈنگہ پارہ گائوں کا رہائشی تھا۔وہ پیشے سے مویشیوں کا بیوپاری تھا۔مقامی لوگوں کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع کوچ بہار میں بی ایس ایف کیمپ کی گشتی ٹیم نے اس وقت فائرنگ کی جب رفیع الاسلام توکلو کئی دیگر افراد کے ساتھ سرحد کے قریب مویشیوں کے ساتھ موجود تھا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس کے بعد بی ایس ایف لاش کو بھارت کے میکھلی گنج پولیس اسٹیشن لے گئی۔ بنگلہ دیش کی سرحدی فورس بی جی بی کے کمانڈر صوبیدار امان الزمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس ایف کو ایک خط بھیجا گیا ہے جس میں واقعے پر احتجاج کیا گیا اور فلیگ میٹنگ کے ذریعے لاش کو فوری طورپر واپس کرنے کامطالبہ کیا گیا ہے۔