پاسبان حریت جموں کشمیر کا یکم فروری سے ”یکجہتی جموں و کشمیر”مہم چلانے کا اعلان
مظفرآباد: پاسبان حریت جموں و کشمیر نے یکم فروری سے ”یکجہتی جموں و کشمیر”مہم چلانے کا اعلان کیاہے جس دوران مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کیخلاف مختلف علاقوں میں ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاسبان حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین عزیراحمدغزالی نے مظفر آبا میں دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یکم فروری سے ”یکجہتی جموں و کشمیر مہم”کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ ا نہوں نے کہا کہ مہم کے پہلے مرحلے میں یکم فروری کو ضلع نیلم کے مختلف قصبہ جات اٹھمقام ، کنڈل شاہی ، جورا ، باڑیاں بازار ، چلہانہ ، نوسدہ ، دیولیاں اور پٹہکہ میں پیدل مارچ کے ذریعے بھارتی جنگی جرائم کیخلاف آواز اٹھائی جائے گی ۔ تین فروری کو ضلع جہلم ویلی کے اہم مقامات چکوٹھی ، چناری ، ہٹیاں بالا ، سراں ،چٹھیاں اور گھڑی دوپٹہ میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ چار فروری کو مظفر آباد میں پیدل مارچ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب مقبوضہ جموں و کشمیر کے ہمارے بہن اور بھائی بھارت کے بدترین مظالم کا شکار ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 5فروری کو مظفر آباد میں صبح دس بجے برہان وانی شہید چوک سے بنک روڈ تک”یکجہتی جموں وکشمیرریلی” نکالی جائے گی ۔ انہوں نے آزاد جموں وکشمیر کے تاجر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس دن کاروبار معطل کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔ اس موقع پر انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائیٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام ، پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم ، فیصل فاروق شیخ ، محمد فیاض خان اور لیاقت علی رانا بھی موجود تھے۔