مقبوضہ جموں و کشمیریوم یکجہتی کشمیر

یوم یکجہتی کشمیر منانے پر کشمیری رہنمائوں، تنظیموں کا پاکستان کا شکریہ 

 

APHC (1)

سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آج یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماشبیر احمد شاہ نے حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کی مخلصانہ حمایت پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ 5فروری کو کشمیر کے حریت پسند عوام کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منانا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان تنازعہ کشمیرکواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پر امن طریقے سے حل کرانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1947کے انڈیپنڈنس ایکٹ کے تحت کشمیری عوام کو بھارت یا پاکستان میں سے کسی ایک میں شامل ہو کر اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا تھا لیکن بھارت نے اس قانون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر جموں وکشمیر پر قبضہ کر لیا اورحق خود ارادیت کے تقدس کو پامال کردیا۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی اور وہ اب بھی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ایک مخلص دوست، کشمیری عوام کے خیر خواہ اور وکیل اور امن کے سفیر کی طورپر مکمل کامیابی تک کشمیر کاز کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ .
دریں اثناء تحریک وحدت سے وابستہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیرقمی نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں یوم یکجہتی کشمیر کو پاکستان اور مظلوم کشمیری عوام کے درمیان اٹوٹ رشتے کا ثبوت قرار دیا۔ حریت رہنمائوں نے غیر قانونی بھارتی قبضے میں زندگی گزارنے والے کشمیریوں میں جذبہ آزادی کو تقویت بخشنے کے لیے اس دن کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور کشمیریوں کو آزادی کا حق دینے کا مطالبہ کیا۔حریت رہنمائوں نے پاکستان کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے دعا کی جوکشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔جموں و کشمیر پیپلز لیگ نے سرینگر میں ڈاکٹر مصعب کی زیر صدارت ایک اجلاس میں یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت پر زور دیا۔اجلاس کے شرکا ء نے تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہونے کے ناطے پاکستان کے کردار کو سراہا اورتنازعے کے فوری حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے پر زور دیا۔ اجلاس میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے مظالم کی مذمت کی گئی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button