APHC-AJK

بھارت کشمیریوں کواپنے حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کرسکتا: محمودساغر

sagar

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ بھارت اور اس کی قابض فورسز ظلم و تشدد اورطاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیری عوام کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے روک نہیں سکتیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی کی زیر قیادت ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے قتل عام ،گرفتاریوںمحاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں اور لوگوں کی زمینوں اور املاک سے جبری بے دخلی اور ملازمتوں سے برطرفی جیسے ظالمانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان اقدامات کاواحد مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے آبادی کے تناسب کو بگاڑنا ہے ۔محمود ساغر نے کہا کہ مودی کی ہندوتوا حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں کئے گئے ظالمانہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہیں کیونکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد بھارتی حکومت نے مظلوم کشمیریوں کے خلاف اپنے مظالم کاسلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ حریت کانفرنس کے کنوینر نے کہا کہ بی جے پی حکومت کشمیریوں کو ڈرانے اوردھمکانے کے لیے پرتشدد کشمیر دشمن پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے اور ان کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button