مقبوضہ جموں و کشمیر

اقوام متحدہ کے سربراہ کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لیے اقدامات کریں: مسرت عالم بٹ

ہزاروں کشمیریوں کی نظر بندی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں امن کے بھارتی دعوئوں کی نفی ہے

masarat alamسرینگر: غیر قانونی طور پر نظربندکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے اور نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے جاری کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ تقریبا 10لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی نے مقبوضہ جموں وکشمیرکو دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جمائو والا علاقہ بنا دیا ہے جہاں انسانی جان اپنا احترام، وقار اور قدر کھو چکی ہے۔ . انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے ماورائے عدالت قتل،بلاجواز گرفتاریاں، تشدد اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیاں روز کا معمول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر بدترین مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے لیے یہ بہترین وقت ہے کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کرے ۔ مسرت عالم بٹ نے خبردار کیا کہ تنازعہ کشمیرکے حل میںمزید تاخیرسے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
دریں اثناء بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک عدالت نے اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے پر ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ایک کشمیری عاشق حسین کو اشتہاری مجرم قرار دے دیاہے۔ واضح رہے مودی حکومت جدوجہد آزادی سے وابستہ تمام افراد کو اشتہاری مجرم قرار دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام پر ان کی جائیدادیں ضبط کی جاسکیں۔
ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے بھارتی حکام کے دعوئوں کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقبوضہ علاقے کے حالات میں واقعی بہتری آئی ہے تو ہزاروں کشمیری سلاخوں کے پیچھے کیوں ہیں۔ فاروق عبداللہ نے قابض بھارتی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں پر ظلم وستم بند کرے اور جیلوں میں بند کشمیریوں کو رہا کر کے انہیں عزت ووقار کے ساتھ زندگی گزارنے دے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں تازہ برفباری کے بعد معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں ۔سرینگر جموں شاہراہ سمیت اہم سڑکیں اور شاہراہیں بند ہیںجبکہ سرینگر ائر پورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت منسوخ ہو گئی ہے۔ وادی کشمیر اور جموں ڈویژن کے کئی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ موسمی حالات کے پیش نظر کشمیر یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔
ضلع بانڈی پورہ کے علاقے اشٹنگو میں آج ایک مدرسے کے دو طلباء دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button