آزاد کشمیر

عالمی برادری سے کشمیری و فلسطینی خواتین پر جاری مظالم کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل

womensdayمظفرآباد: آج”خواتین کے عالمی دن “ پر بہادر کشمیری و فلسطینی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں ایک تقریب کا انعقادکیا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق المصطفیٰ کمپلیکس میں ہونی والی تقریب میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، ادارہ بحالی جسمانی معذوراں سمیت دیگر اداروں کی نمائندہ خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت صدر المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی عتیق احمد کیانی نے کی۔ اس موقع پرصدر المصطفیٰ شعبہ خواتین محترمہ سمیرا بیگ،سماجی رہنماڈاکٹرمنزہ یعقوب،علینہ علی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے فلسطین اوربھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی بہادر اور عظیم خواتین کو پامردی کے ساتھ ظلم و استحصال اور قابض فورسز کے جبر کا مقابلہ کرنے پر شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ صدر المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی عتیق احمد کیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی خواتین بہادری سے جبر و ظلم کا مقابلہ کر رہی ہیں‘ قابض فورسز کی جانب سے بچوں اور خواتین کے حقوق پامال کئے جارہے ہیں اور انہیں وحشیانہ مطالم کا نشانہ بنایا جارہاہے لیکن بہادر خواتین اس سب کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوںنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور کشمیر میں خواتین کے استحصال اور ان پر مظالم کا نوٹس لے۔
دریں اثنا ا نسٹی ٹیوٹ آف ڈائیلاگ ڈویلپمنٹ اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز کے زیر اہتمام مظفرآباد کے متصل قصبے گڑی ڈوپٹہ کے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں ”میرے در د کی پکار“ کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں اساتذہ اور طلباءکے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی رہنماﺅں نے شرکت کی۔ سیمینار کے مقررین نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی خواتین کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا جو بھارتی مظالم کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں۔
کالج کی پرنسپل پروفیسر ثمینہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خواتین بھارتی دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہیں ۔ انہوںنے آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین اور غیر قانونی طور پر جیلوں میں بند دیگر کشمیری خواتین کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ سیمینار سے مس فرہندہ بٹ ، امیشا ممتاز ، مس فرہندہ بٹ ، حلیمہ رحمت ،مس عائشہ ظفر اور ا نسٹی ٹیوٹ آف ڈائیلاگ ڈویلپمنٹ اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ولید رسول نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر کی تعلیم یافتہ خواتین کو بھارتی جبر کا شکار کشمیری خواتین کے حق میں اپنی بھر پور آواز اٹھانی چاہیے ۔
پاسبان حریت جموںوکشمیر کے زیر اہتمام آزاد جموں وکشمیر کے شہر باغ میں بھی آج عالمی یوم خواتین کے موقع پر ویمن یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں فیکلٹی ارکان کے علاوہ سینکڑوں طالبات نے شرکت کی۔ سیمینار کے مہمان خصوصی چیئرمین پاسبان حریت عزیراحمدغزالی تھے جبکہ صدارت ڈاکٹر پروفیسر سمیع اللہ نے کی ۔ سیمنار میں شریک طالبات نے کشمیری خواتین کے حقوق کیلئے بھرپور نعرے لگائے۔ سیمینار سے عزیر احمد غزالی ، ڈاکٹر سمیع اللہ ، ڈاکٹر شازیہ خاتون ، ڈاکٹر مسعود انور ، عثمان علی ہاشم ، ساجل خالد اور ایمن سبیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے لیکن بدقسمتی سے دنیا کے سب سے بڑے نام نہاد جمہوری ملک بھارت میں کروڑوں مسلم خواتین اور لاکھوں کشمیری خواتین شدید ظلم وستم کا شکار ہیں۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیری خواتین کی بے حرمتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ مقررین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں پر زور دیا کہ وہ کشمیری خواتین پر مظالم بند کرانے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button