بھارتی فورسز نے سرینگر میں تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دیں
سرینگر10 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے سرینگر میں اپنی تلاشی کی کاروائیاں تیز کر دی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں گشت کررہی ہے اور گاڑیوں اورراہگیروں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں جو کہ بھارتی فورسز کی طرف سے جاری تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کا حصہ ہیں ۔اس دورن لال چوک، جہانگیر چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، ریگل چوک ، ٹی آر سی چوک ، پولو ویو اور سٹی سینٹر جیسے اہم مقامات پر بھارتی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیاگیا ہے ۔ مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ فوجی انہیں روک کر ان کے شناختی کارڈچیک کرر ہے ہیں اور ان کی جامہ تلاشیاں لی جارہی ہیں جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشیاں لینے کا سلسلہ گزشتہ چند دنوں سے روز کا معمول بن چکا ہے بلکہ سی آر پی ایف اہلکار اس کے علاوہ لوگوں کے شناختی کارڈ ،ڈرائیونگ لائسنس اورگاڑیوں کی دستاویزات بھی چیک کر ہے ہیں ۔
واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے حال ہی میں کشمیریوں کی جاری جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے وادی کشمیر میں بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کی 50مزید کمپنیاں تعینات کی ہیں۔ ان میں سے 30 کمپنیاں صرف سرینگر میں تعینات کی گئی ہیں۔ بھارت اگلے چند دنوں میں پیرا ملٹری فورس کی مزید پانچ کمپنیاں تعینات کر رہا ہے۔