پنجاب :کھانے کے بل کی ادائیگی پر جھگڑا، بھارتی فوج کے میجر سمیت 17فوجیوں کی پٹائی
چندی گڑھ : بھارتی ریاست پنجاب میں ایک ڈھابے پر جھگڑے کے دوران ہجوم نے فوج کے میجر سمیت 17جوانوں کی پٹائی کردی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج کی لداخ اسکائوٹس رجمنٹ کا میجر سچن سنگھ کنٹل اپنے 16جوانوں کے ساتھ لیہول میں سنو میراتھن جیت کر واپس آرہا تھا ۔ انہوں نے ضلع روپڑ کے شہر بھرت گڑھ کے قریب منالی روپڑ روڈ پر واقع ڈھابے پر کھانا کھایا۔اس دوران جب میجر اور اس کے جوانوں نے کھانے کا بل یو پی آئی (آن لائن سسٹم)کے ذریعے ادا کرنا چاہتا تو ڈھابے کے مالک نے نقد ادائیگی پر زور دیا۔ کھانے کے بل کی ادائیگی پر جھگڑے پر کم سے کم 35افراد نے بھارتی فوجیوں پر حملہ کردیا۔ انہیں لاٹھیوں اور لوہے کے راڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایاگیا جس سے میجر سچن سنگھ کنٹل کے ہاتھ اور سر پر زخم آئے اور وہ بے ہوش ہوگیا۔بھارتی پولیس نے ڈھابے کے مالک سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیاہے۔ دیگر حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔