راجوری : قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
جموں: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموںخطے کے ضلع راجوری میں لوگوں نے اپنے مسائل کے تئیں قابض بھارتی انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راجوری کے علاقے پالما کے رہائشیوں نے علاقے میں بجلی اور پینے کے پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین نے پالما میں راجوری کوٹرنکا روڈ پر دھرنا دیا جسکے سبب سڑک پر گاڑیوں کی آمد ورفت کافی دیر تک معطل رہی۔
مظاہرین نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ان کے علاقے میں گزشتہ دو ہفتوں سے بجلی غائب ہے لیکن متعلقہ محکمے کے حکام مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے کو پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا بھی سامنا ہے ۔ مظاہرین جن میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیںنے کہا کہ انتظامیہ بار بار کی درخواستوں کے باوجود انکے مسائل کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی رہی جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے دھمکی دی اگر مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیں گے۔