مقبوضہ جموں و کشمیر: بے دخلی مہم کے خلاف احتجاج جاری
بی جے پی حکومت کشمیریوں کا سب کچھ چھیننے پر تلی ہوئی ہے، تاریگامی
جموں 03 فروری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے نام نہاد انسداد تجاوزات مہم کے نام پر کشمیریوںکوزمینوں اور دیگر املاک سے بے دخل کرنے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموں شہرکے مضافاتی علاقے کنجوانی بھٹنڈی میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد نے احتجاج کیا۔
جموں کشمیر کسان تحریک کے ارکان نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) کے سینئر رہنما محمد یوسف تاریگامی کی قیادت میں کٹھوعہ میں بے دخلی مہم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
تاریگامی نے اس موقع پر کہا کہ جوزمینیں قبضے میںلی جا رہی ہیں وہ نسلوں سے لوگوں کے قبضے میں ہیں اور بے دخلی کی مہم کا کوئی جواز نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھر پور طریقے سے کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ہمارے آئینی حقوق، ہماری ریاستی حیثیت چھین لی ہے اور اب وہ ہماری زمین چھیننے پر تلی ہوئی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے رہنما رتن لال گپتا نے کہا کہ بے دخلی مہم نے پورے علاقے میں افراتفری کی صورتحال پیدا کر دی ہے اور لوگ اپنے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورتحال سے دوچا ر ہیں۔
عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنماہرش دیو سنگھ نے افسوس کا اظہار کیا کہ غریب کسانوں، مزدوروں اور دیگر بے زمین لوگوں کو اپنی معمولی اراضی سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔