مودی حکومت اپوزیشن سے لڑنا نہیں، اسے ختم کرنا چاہتی ہے: کمل ناتھ
بھوپال:بھارت میں حزب اختلاف کی پارٹیوں اور لیڈروں کی طرف سے نئی دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری پر مودی حکومت پر تنقید کاسلسلہ جاری ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت اپوزیشن سے لڑنا نہیں بلکہ اسے ختم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کے ارادے بالکل واضح ہیں، عام انتخابات سے پہلے وہ اپوزیشن سے لڑنا نہیں، بلکہ اپوزیشن کوآمرانہ اور غیر اخلاقی ہتھکنڈوں کے ذریعے ختم کرنا چاہتی ہے۔کمل ناتھ نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ڈرانا، دھمکانا، توڑنا، گرفتار کرنا اور سیاسی کارکنوں اور لیڈروں کو جیل بھیجنے جیسے مودی حکومت کے تمام تر ہتھکنڈے اسی سازش کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان تمام آمرانہ اقدامات کا واحد مقصد ہندوستان کی آزادی کے بعد عوام کوملنے والے اقتدار کو اس سے چھین کر ملک میں آمریت قائم کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی سیاست میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی اس وقت جتنی ضرورت ہے، اتنی ضرورت گزشتہ 75 سال میں شاید پہلے کبھی نہیں تھی ۔