سکھس فارجسٹس نے پاکستان کی فنڈنگ کے الزامات کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا
اسلام آباد11 نومبر (کے ایم ایس)
خالصتان کی حامی سکھوں کی تنظیم سکھس فار جسٹس نے کینیڈا کی عدالت میں خالصتان ریفرنڈم کیلئے پاکستان کی فنڈنگ کے الزامات کے خلاف دائر ہتک عزت کے ایک مقدمے کا پہلا مرحلہ جیت لیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کینیڈا کے ایک براڈکاسٹر ٹیری میلوسکی نے گزشتہ سال ستمبر میں ”خالصتان پاکستان کا ایک پروجیکٹ ”کے عنوان سے ایک متنازعہ رپورٹ شائع کی تھی اور الزام لگایاتھا کہ سکھس فارجسٹس اور اسکی خالصتان کی مہم کی پاکستان کی پشت پناہی اور فنڈنگ کر رہا ہے ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ صحافی ٹیری میلوسکی کا یہ دعویٰ جھوٹ پر مبنی تھا کہ سکھس فار جسٹس اصل میں سکھوں کی نمائندہ تنظیم نہیں بلکہ یہ پاکستان کیلئے کام کررہی ہے ۔ ٹیری میلوسکی نے جج کے سامنے اعتراف کیاکہ ان کے پاس پاکستان کی طرف سے خالصتان نواز گروپ کی پشت پناہی اور فنڈنگ کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا اور بیرون ملک سفارتی مشنوں نے ٹیری میلوسکی کی رپورٹ ”خالصتان پاکستان کا ایک پروجیکٹ ”کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی تھی اور اسے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کیلئے استعمال کیاتھا۔ رپورٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ امریکہ میں قائم سکھس فار جسٹس تنظیم سکھوں کے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور وہ بھارتی ریاست پنجاب میں خالصتان کے نام سے ایک علیحدہ اور آزاد وطن کا مطالبہ کررہے ہیں۔