کشمیری بچے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہیں
جنوری 1989سے اب تک 915 بچے شہید اور ایک لاکھ 960 یتیم ہوگئے
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں گزشتہ 35سال کے دوران 915بچوں کو شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے آج”جارحیت کا شکار معصوم بچوں کے عالمی دن ”کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یکم جنوری 1989سے اب تک بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے 96ہزار310کشمیریوں میں 915بچے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں کے ہاتھوں شہریوں کی شہادتوں سے اس عرصے کے دوران علاقے میں 107,960بچے یتیم ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں،پیراملٹری فورسزاور پولیس کی طرف سے فائر کیے گئے پیلٹ، گولیوں اور آنسو گیس کے گولوں سے سکول کے بچوں اور بچیوں سمیت ہزاروں افراد زخمی بھی ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں 2010کے بعد پیلٹ،پاوااور آنسو گیس کے گولوںسے زخمی ہونے والوں میں کمسن حبا جان، شاہد فیاض، اویس احمد، آصف احمد شیخ، انشاء مشتاق، عاقب ظہور، الفت حمید، بلال احمد بٹ، طارق احمد گوجری اور فیضان اشرف تانترے سمیت سینکڑوں افرادشامل ہیں جو اپنی ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو چکے ہیںیا ان کی بینائی کو شدید نقصان پہنچاہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور جعلی مقابلوں کے دوران سینکڑوں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ کمسن لڑکیوں کو بھی شہید کیا جا چکا ہے جبکہ 19سال سے کم عمر لڑکوں کی ایک بڑی تعداد کو کالے قوانین کے تحت مقبوضہ جموں وکشمیر اوربھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند کیاگیا ہے۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈو عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ آج جب دنیا بھر میں جارحیت کا نشانہ بننے والے معصوم بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بڑی تعداد میں کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی اور ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق اور بچوں کے تحفظ کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے آئیں اور کشمیری بچوں کو بھارتی تشدد سے بچائیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوجی نہ صرف معصوم بچوں کو گرفتار کرتے ہیں بلکہ انہیں جنگی ہتھیار کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ تین دہائیوں میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں متعدد بچوں کے والدین کو جعلی مقابلوں اور جیلوں میں بے دردی سے شہید کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیری بچوں پر تشدد، ظلم اور بربریت بھارتی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے جسے بھارتی فورسز کے اہلکار انجام دے رہے ہیں۔