بی جے پی پراکسیوں کے بجائے کشمیر سے اپنے امیدوار کھڑے کیوں نہیں کرتی؟عمرعبداللہ
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بی جے پی کو چیلنج کیا ہے کہ وہ کشمیر کے لو ک سبھا انتخابات میں اپنے امیدوارکھڑے کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بارہمولہ لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑ نے کا اعلان کیا۔انہوں نے دفعہ 370کی منسوخی کے بعداس وقت تک اسمبلی انتخابات نہ لڑنے کا اعلان کیاتھا جب تک جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال نہیں کی جاتی۔انہوں نے سوال کیاکہ دفعہ 370 کی منسوخی، ترقی اورحالات معمول پر آنے کے بلندوبانگ دعوئوں کے باوجود بی جے پی وادی کشمیر میں انتخابات میں پراکسیز کے بجائے اپنے امیدوار کیوں نہیں کھڑے کرتی؟انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ” اپنی پارٹی” اور” پیپلز کانفرنس” کی باگ ڈور کس کے ہاتھ میں ہے۔عمر عبداللہ نے کہاکہ اگر بی جے پی کے امیدوار وادی میں الیکشن لڑتے ہیں تو اس کی ہوا نکل جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مقابلہ کسی فرد یا امیدوارسے نہیں بلکہ ان قوتوں سے ہے جو ان امیدواروں کے پیچھے کھڑی ہیں۔ ہماری لڑائی بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف ہے۔نیشنل کانفرنس نے وسطی کشمیر کے سرینگر حلقے سے شیعہ رہنما آغا سید روح اللہ مہدی کو میدان میں اتارا ہے۔پارٹی نے پہلے ہی سینئر گجر لیڈر میاں الطاف کو اسلام آباد-راجوری کی لوک سبھا سیٹ سے نامزد کیا تھا۔