بھارت:دو افراد سے 4کروڑ روپے سے زائد مالیت کا تابکار مادہ برآمد
کولکتہ28اگست (کے ایم ایس)بھارت میں مغربی بنگال کے محکمہ کرائم انویسٹی گیشن نے کولکتہ ائر پورٹ کے نزدیک ایک علاقے سے دو افراد کو 4کروڑ2لاکھ 50 ہزار مالیت کا تابکار مادہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محکمہ کرائم انویسٹی گیشن کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ایک شخص جس سے دونوں نے بظاہر تابکار مواد کی فروخت کے لیے رابطہ کیا تھا کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سی آئی ڈی کے اہلکاروں نے انہیں گرفتار کیا۔افسر نے کہا کہ گرفتار افراد نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پررابطے کے بعد کرناٹک میں ایک شخص سے تابکار مادہ خریدا ، جس کا وزن مجموعی طور پر 250 گرام تھا۔
سی آئی ڈی افسر نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو ایٹمی توانائی ایکٹ اور تعزیرات ہند کی مختلف دیگر دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ یہ مواد کسی لیبارٹری سے چوری کیا گیا ہے اور ہم نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔