ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کی طرف سے خرم پرویز کی گرفتاری کی شدید مذمت
سرینگر23 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز کی جھوٹے اورمن گھڑت الزامات کے تحت گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کے علمبردار کی گرفتاری کا مقصد انسانی حقوق کے کارکنوں اور جموں و کشمیر میں مظلوموں کی آواز کودباناہے۔ بیان میں خرم پرویز کی گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاگیا۔بار نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن اور انسانی حقوق کے دیگربین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی شہریت یافتہ کارکن خرم پرویز کی بحفاظت اور فوری رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔