سرینگر:لوگوں کا قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاج مظاہرہ
سرینگر: سری نگر میںلوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے علاقے پانتھا چوک کے مکینوں نے دریائے جہلم پر پل کی تعمیر میں تاخیر پر شدید احتجاج کیا۔ خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد مظاہرے کیلئے سڑکوں پر نکل آئی۔ انہوں نے انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے ۔ مظاہرین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ پل کا سنگ بنیاد 2017میں رکھا گیا تھا ، پل کی تعمیر کا کام چند برس قبل روک دیا گیا ۔پل نہ ہونے کی وجہ سے لوگ کشتیوں کے ذریعے دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔ انہوںنے پل کی تعمیر فوری طورپر مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتظامیہ نے توجہ نہ دی تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیں گے۔
یاد رہے کہ منگل کے روز سرینگر ہی کے علاقے بٹوارہ میں دریائے جہلم میں ایک کشتی ڈوب جانے کے باعث پانچ بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔