پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارتی سیاستدانوں کے اشتعال انگیز بیانا ت مسترد کر دیے
اسلام آباد:پاکستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے بارے میں بھارتی لیڈروں کے اشتعال انگیزبیانات اور دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر پر اسکے قبضے سے متعلق بیانات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بھارتی لیڈروں کے علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ بننے والے تمام بے بنیاد دعووں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے بھارتی سیاست دانوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی فائدے کیلئے پاکستان کو اپنی ملکی سیاست میں گھسیٹنے سے باز رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بیان بازی اور دعوئوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے کیونکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام آزادانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے بھارت پرزوردیاکہ وہ عالمی ادارے کی کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کرے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کی جاری تذلیل اور ان پر ڈھائے جانیوالے مظالم کی بھی مذمت کی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاک بھارت تجارت کے بارے میں پالیسی تبدیلی سے متعلق فی الحال کوئی خبر نہیں ہے اور نہ ہی کسی نجی فرد کو بھارت سے تعلقات معمول پر لانے کی کوئی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔