بھارتی فوجیوں نے اڑیسہ میں دو افرادکو گولی مار کر ہلاک کر دیا
بھونیشور:بھارتی فوجیوں نے اڑیسہ اور جھارکھنڈکی ریاستوں میں کارروائیوں کے دوران دو افراد کو ہلاک اور دو کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایلیٹ اینٹی نکسل فورس کے خصوصی آپریشن گروپ نے ریاست اڑیسہ میں ضلع بودھ کے علاقے پرہیل سے دو مائو نواز گوریلوں کی لاشیں برآمد کیں جو بھارتی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔ انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر سومیندر پریادرشی نے بھی دو مائونوازوں کی لاشیں برآمد کرنے کی تصدیق کی ہے۔واضح رہے بودھ میں 20مئی کو انتخابات ہونے والے ہیں۔ گزشتہ چار مہینوں میں بودھ میں اسی طرح کے کم از کم سات واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ ریاست اڑیسہ میں 2019اور 2023کے درمیان فوجی تشدد کے 154واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
دریں اثناء بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)نے دعویٰ کیا ہے کہ جھارکھنڈ کے ضلع پلامو میں ایک کارروائی کے دوران دو مائو نواز گوریلوں کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت راجندر بھویاںاور وشنو وشوکرما کے طور پرہوئی ہے۔