نیپال کے نئے کرنسی نوٹ پر بھارت تلملا اٹھا
کھٹمنڈو :نیپال کی طرف سے نئے کرنسی نوٹ کے اجراء سے بھارت اور نیپال کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہوگئی ہے اور بھارت نے نئے کرنسی نوٹ پر شدید اعتراضات اٹھائے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیپال نے حال ہی میں100روپے کا نیا کرنسی نوٹ جاری کیا جس پر موجود نقشے میں بھارت اورنیپال کے درمیان تنازعے کی وجہ بننے والے علاقوں لیپو لیکھ، کالاپانی اور لیمپیادھورا کو نیپال کا حصہ دکھایا گیا ہے ۔ بھارت نے اس کرنسی نوٹ پرشدید اعتراض اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ 2020میں نیپال نے ملک کا نیا نقشہ جاری کیا تھا جس میں اہم اسٹرٹیجک علاقوں لیپو لیکھ، کالاپانی اور لیمپیادھورا کو آئینی طور پر نیپال کاحصہ قرار دیاگیا تھا۔ کرنسی نوٹ جاری کرنے کی منظوری نیپالی وزیراعظم پشپاکمال دھال کے زیر صدارت ایک اجلاس میں دی گئی تھی۔ بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے نیپالی اقدام کو یک طرفہ قرار د یتے ہوئے کہا کہ نیپال کے اس یک طرفہ اقدام سے زمینی حقیقت تبدیل نہیں ہو سکتی، البتہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات سنگین رخ اختیار کر سکتے ہیں۔