جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تنازعہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے: شاہ محمودقریشی
اسلام آباد 16 نومبر (کے ایم ایس) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تنازعہ جموں و کشمیر کے حل پر منحصر ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آج اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے۔ ”پاکستان کی خارجہ پالیسی اوردرپیش چیلنجز“ کے موضوع پر وزیر خارجہ کے خطاب کے موقع پر ملک کے سول اور فوجی افسران کے علاوہ کورس میں شامل کئی دوست ممالک کے شرکاءبھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے تحت حکومت نے دنیا بھر میں کشمیر کاز کو نئے جوش اور عزم کے ساتھ اٹھایا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی بحران اور انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے بھارتی جارحیت سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرے کو تمام دستیاب فورمز پر بے نقاب کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے نومبر 2019 میں کرتار پور راہداری کھول دی اور بھارت اور دنیابھر کے سکھوں کو ان کے مقدس مقام تک بغیر ویزہ کے رسائی دی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا جذبہ خطے اور پاک بھارت تعلقات کے لیے وزیراعظم عمران خان کے وژن کا مظہر ہے جس میںپرامن بقائے باہمی، بین المذاہب ہم آہنگی اور تنازعات کاپرامن حل شامل ہے۔