مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کی بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت

مودی کی زیر قیادت بھارت عالمی سلامتی کیلئے ایک سنگین ایٹمی خطرہ بن گیاہے

سرینگر28اگست (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بے گناہ نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل میںاضافے کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نوجوانوں کا جعلی مقابلوںمیں قتل کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے اورحق خود ارادیت کے حصول کی ان کی جائز جدوجہد کو دبانے کے مذموم بھارتی منصوبے کا حصہ ہے۔انہوںنے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کے ان بھیانک واقعات نے عالمی برادری کے سامنے بھارت کی نام نہا د عدلیہ اور جمہوریت کو بے نقاب کردیا ہے۔ترجمان نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔
جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں تعینا ت دس لاکھ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے کو اسکے باشندوں کیلئے جہنم میں تبدیل کر دیا ہے اور جوبھی بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھاتا ہے اسے یاتو قتل کر دیا جاتا ہے یا پھر کالے قوانین کے تحت سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتا ہے۔ جموںوکشمیر ایمپلائیز موومنٹ نے اپنے بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری مسلسل قتل عام کی لہر کی مذمت کی۔
ادھرفرقہ پرست بھارتی پولیس نے جموں خطے میں ضلع ریاسی کے مختلف علاقوں سے مویشیوں کی سمگلنگ کے الزام میں 18 مسلمان بیوپاریوں کو گرفتارکرلیا اور 123 مویشی اپنے قبضے میں لے لئے۔ بھارتی پولیس نے ضلع کپوارہ کے علاقے لنگیٹ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
قابض حکام نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کو آج ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں یو تھ ونگ کا اجلاس منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی۔ پی ڈی پی کی یوتھ ونگ نے اس اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں قابض حکام کی کارروائی کی مذمت کی۔
دریں اثنا ءکشمیرمیڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میںکہا گیا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارت عالمی سلامتی کے لئے ایک سنگین ایٹمی خطرہ بن گیاہے کیونکہ ملک میں بڑی مقدار میں انتہائی تابکاری مادوں کی اسمگلنگ کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ بھارتی شہر کولکتہ سے حال ہی میں دو افراد کو 4ہزار250 کروڑ روپے مالیت کے انتہائی تابکاری مادے کیلی فورمیم کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ ملک میں انتہائی تابکاری والے مادوں کی آزادانہ تجارت کا تیسرا واقعہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کو ان واقعات کا نوٹس لینا چاہیے اورتابکار مادوں کے تحفظ کے حوالے سے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر اس کے خلاف پابندیاں عائد کی جانی چاہیے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button