کشمیر ی بھارت کے آگے ہرگز نہیں جھکیں گے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر: بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل و غارت گری اوربیگناہ لوگوں کی بلاجواز گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور وہ تنازعہ کشمیر کو فوجی طاقت کے ذریعے حل کرنے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کشمیری غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ بھارت کے آگے کبھی نہیں جھکیں گے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی قیادت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ماحول کو سازگار بنائے۔ترجمان نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کٹھوعہ میں حال ہی میں ایک جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے دو نوجوانوں اور 4 جون کو بھارتی فوجیوں کی تحویل میں شہید ہونے والے شہری امتیاز احمد پالا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکی عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ مئی میں 8 کشمیری شہید کیے جبکہ 5 اگست 2019 سے اب تک مقبوضہ علاقے میں سفاک بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 875 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔
جنوری 1989 سے اب تک 96 ہزار 3سو 8کشمیری شہید ہو چکے ہیں ۔