”کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ“ کی بھارت بھر میں مسلمانوں پر حملوں کی مذمت
نئی دہلی:کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے بھارت کے مختلف حصوں میں مسلمانوں پر حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی پی آئی (ایم) دہلی شاخ نے دہلی کے پولیس کمشنر سنجے اروڑہ کو خط لکھا ہے جس میں بی جے پی کے ایک رہنما کے خلاف فوری کارروائی پر زور دیا گیا ہے جس نے سنگم وہار،دہلی میں 48 گھنٹوں کے اندر اندر دو لاکھ مسلمانوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔
سی پی آئی (ایم) کے رہنما ایم تیواری نے کہا کہ مقامی ایس ایچ او کی مجرموں کی شناخت کرنے اور نفرت انگیز تقریر کرنے والے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے میں ناکامی ناقابل قبول ہے ۔ سی پی آئی ایم نے ایک بیان بھی جاری کیا ہے جس میں چھتیس گڑھ اور اتر پردیش میںمسلمانوں کو نشانے کے کئی واقعات کا ذکر کیا گیا ہے۔ بیان میں مدھیہ پردیش کے علاقے منڈالا میں مسلمانوں کے گیارہ مکانات کی مسماری کا بھی حوالہ دیا گیا جن پر الزام لگایاگیا تھا کہ انکے گھروں کے ریفریجریٹروںسے گائے کا گوشت برآمد ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بی جے پی اور دیگر فرقہ پرست طاقتوںکی اس طرح کی کارروائیوں کے خلاف بھارت بھر میں سخت احتجاج کی ضرورت ہے۔ سی پی آئی ایم نے مزید کہا کہ بی جے پی اور دیگر ہندو توا طاقتوں نے معاشرے میں دوریاں پیدا کرنے کی ایک نئی مہم شروع کر دی ہے۔