”انڈیا بلاک” کو مسلمانوں کو درپیش مسائل پر بولناچاہیے:آغا روح اللہ
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے کہا ہے کہ انڈیا بلاک میں شامل جماعتوں کو مسلمانوں کو درپیش مسائل پر بولنے کی ضرورت ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ مہدی نے سرینگر میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا بلاک کے شراکت دار دیگر اقلیتوں کے بارے میں آزادانہ بات کر سکتے ہیں لیکن مسلمانوں کے بارے میں نہیں۔ انہیں اس رویے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں مسلمانوں نے اس اتحاد کوبہت ووٹ دیے اور اس کے حق میں متحدہو گئے۔انہوں نے سوال اٹھایاکہ مسلمانوں کی طرف سے اس حمایت کے بعد بھی اگر وہ ان کے حق میں نہیں بولتے تو پھر مسلمانوں کے لیے کیا بچا ہے؟ مسلمانوں کے لیے کونسا ادارہ اور کون سی امید باقی رہ جائے گی؟ آغا روح اللہ نے جموں و کشمیر کے علاقے بڈگام سے قانون ساز اسمبلی کے تین انتخابات جیتے ہیں۔انہوں نے حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما وحید الرحمان پرہ کو شکست دی۔