انجینئر رشید کا5جولائی کو رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے حلف اٹھانے کا امکان
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر سے آزاد حیثیت سے بھارتی پارلیمنٹ کا رکن منتخب ہونے والے انجینئر رشید میڈیا سے بات نہ کرنے سمیت کئی شرائط کے ساتھ اور عدالت کی طرف سے اجازت ملنے کی صورت میں5جولائی کو رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دہلی کی پٹیالہ ہائوس کورٹ انجینئر رشید کی عبوری ضمانت یا پیرول پر رہائی کی درخواست پر 2جولائی کوفیصلہ جاری کرے گی تاکہ حلف برداری کی تقریب میں ان کی موجودگی کے لئے سہولت فراہم کی جا سکے۔انجینئررشید نے جنہیں2019میں آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، 4 جون کو بھارتی پارلیمانی انتخابات میں مقبوضہ جموں وکشمیرکے بارہمولہ انتخابی حلقے سے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اورسابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو تقریباً دولاکھ ووٹوں سے شکست دی تھی۔