بی جے پی کے لئے جموں وکشمیر کے اسمبلی انتخابات میں 10سیٹیں حاصل کرنا بھی مشکل ہے: عمر عبداللہ
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمر عبداللہ نے کہاہے کہ بی جے پی کے لئے جموں وکشمیر کے اسمبلی انتخابات میں 10سیٹیں حاصل کرنا بھی مشکل ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ضلع راجوری کے علاقے نوشہرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں انتخابات نہ ہونے کے لئے الیکشن کمیشن اور بی جے پی دونوں قصور وارہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر میرے ہاتھوں میں ہوتا تو میں نے جموں و کشمیر میں راجستھان، تلنگانہ، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے ساتھ ہی الیکشن کرائے ہوتے۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن پر بھی سوالیہ نشان لگتا ہے۔ ہم بار بار الیکشن کے بارے میں پوچھتے ہیں تو ان کا جواب ہوتا ہے کہ الیکشن کے لئے وازارت داخلہ اور جموں وکشمیر انتظامیہ کے ساتھ علاقے کے حالات کے بارے میں مشورہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی یہاں انتخابات نہیں کرانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں تک پاکستان کے ساتھ بات چیت کا سوال ہے تو یہ بات ہم نہیں کرتے ہیں بلکہ بی جے پی کے سب سے قد آور لیڈر اٹل بہاری واجپائی نے یہ سلسلہ شروع کیا تھا اور سرحد پر جا کر کہا تھا کہ ہم دوست بدل سکتے ہیں لیکن پڑوسی نہیں بدل سکتے ۔