وزیر اعظم شہریت ترمیمی قانون کو بھی منسوخ کریں، جمعیت علمائے ہند
نئی دلی20 نومبر (کے ایم ایس)جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو بھی منسوخ کریں جسے بڑے پیمانے پر مسلم مخالف قانون سمجھا جاتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مولانا ارشد مدنی نے ایک بیان میں کہاکہ ملک کی دیگر تمام تحریکوں کی طرح کسان تحریک کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی، کسانوں کو تقسیم کرنے کی سازشیں کی گئیں لیکن ملک کے کسان ہر قسم کی قربانیاں دیتے رہے اور ثابت قدم رہے۔مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ نریندر مودی کو اب شہریت ترمیمی قانون پر توجہ دینی چاہیے جسے بڑے پیمانے پر مسلم مخالف سمجھا جاتا ہے اورجس نے بھارت میں شدید غم و غصے کو جنم دیا تھا۔مولانا مدنی نے مزید کہا کہ زرعی قوانین کی منسوخی نے ثابت کر دیا کہ جمہوریت میں عوام کی طاقت سب سے اہم ہے اور ہر شخص کو اپنی بات کہنے کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی تحریک کی کامیابی نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ کسی بھی عوامی تحریک کو طاقت سے کچلا نہیں جا سکتا۔