APHC-AJK

پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا:مشیر وزیراعظم پاکستان

APHC ajk

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں حریت رہنمائوں پر مشتمل ایک وفد نے آج اسلام آباد میں کشمیر کے بارے میں وزیراعظم پاکستان کے مشیر شبیر احمد عثمانی سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد عثمانی نے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور گھنائونے جرائم کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کیاجا سکے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اورپاکستان حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کر رہا ہے اور غیر کشمیریوں کو علاقے میں آباد کرنے کیلئے تقریبا 45لاکھ ڈومیسائل جاری کرچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی زمین غیر کشمیریوں کو فروخت کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کاروائیاں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے اورجینوسائیڈ واچ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر نسل کشی کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیاکہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور شدہ قرارداددوں پر ابھی تک عملدرآمد نہیں کیاگیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمدکرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جرائم پربھارت کا محاسبہ کرے۔حریت قیادت نے شبیر احمد عثمانی کو بتایا کہ قابض بھارتی فورسز اب تک 6لاکھ کشمیریوں کو شہید کرچکی ہیں اور ہزاروں گھروں کو نذرآتش کیاگیا ہے۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو 10لاکھ بھارتی فوجیوں نے یرغمال بنا رکھا ہے اورکشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیاں فوجی محاصرے اور پابندیوں سے سلب کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت کو جیلوں میں ڈالنا ، ماورائے عدالت قتل، گرفتاریاں اور کشمیری نوجوانوں پر تشدد ایک معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی شناخت مٹانے اور ثقافت کو تباہ کرنے پر تلا ہواہے۔ تاہم حریت قیادت نے بتایاکہ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔وفد میں غلام محمد صفی، محمود احمد ساغر، ایڈوکیٹ پرویز احمد، سید اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، جاوید اقبال بٹ، منظور احمد ڈار، زاہد اشرف اور امتیاز وانی شامل تھے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button