جنوبی ایشیاء میں قیام امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے : وزیر اعظم شہباز شریف
دوشنبہ:
وزیر اعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آج دوشنبہ میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیراور غزہ میں جاری مظالم کی شدیدمذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کاخواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوسکتا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور تاجکستان کی قربانیوں کاذکر بھی کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں رابطوں بڑھانے پر بھی زور دیا۔قصر ملت پہنچنے پر وزیراعظم نواز شریف کا تاجک صدر نے پرتپاک استقبال کیا اور تاجکستان کی مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیاگیا ۔ دونوں رہنمائوں نے ون آن ون ملاقات میں چین تاجکستان اور افغانستان راہداری اوردیگر امور پر بھی بات کی ۔