مودی نے انتخابات میں شکست دیکھ کر زرعی قوانین منسوخ کردیے : پرینکا گاندھی
نئی دہلی 20 نومبر (کے ایم ایس)کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات میں شکست دیکھ کر زرعی قوانین منسوخ کردیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرینکا گاندھی نے متنازعہ زرعی قوانین کو واپس لینے کے حوالے سے مودی حکومت کے اعلان کے بعد کئی ٹویٹس میں کہا کہ مودی کو 600 سے زائد کسانوں کے قتل یا لکھیم پور کھیری واقعے کی پرواہ نہیں ہے جہاں بی جے پی کے وزیر اجے مشرا کے بیٹے کی گاڑی نے احتجاجی کسانوں کو کچل دیاتھا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی رہنماﺅں نے کسانوں کو دہشت گرد، غدار، غنڈے اور شرپسند کہہ کر ان کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی نیت اور ان کے بدلے ہوئے رویے پر بھروسہ کرنا مشکل ہے۔انہوں نے اپنی ٹویٹس میں کہاکہ ”اب جب آپ کو انتخابات میں شکست نظر آنے لگی ہے تو آپ کو اچانک اس ملک کی حقیقت سمجھ میں آنے لگی ہے، یہ ملک کسانوں نے بنایا ہے، یہ ملک کسانوں کا ہے، کسان ہی اس ملک کے اصل نگہبان ہے۔“انہوں نے کہاکہ کوئی بھی حکومت کسانوں کے مفادات کو کچل کر ملک پر حکومت نہیں کر سکتی۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے زرعی قوانین کی منسوخی کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیکڑوں کسانوں کی حقیقی موت کے سامنے فرضی معافی کام نہیں آئے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یوپی میں حزب اختلاف کی بڑی جماعتو ںنے کہا ہے کہ یہ فیصلہ مکمل طور پر سیاسی فائدے کے لئے لیا گیا ہے۔