پاکستان کے ڈوزیئر نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے جنگی جرائم کو بے نقاب کیا ہے
اسلام آباد17 ستمبر (کے ایم ایس )
پاکستان کی طرف سے حال ہی میں پیش کئے گئے ڈوزیئر میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کوواضح طور پر بے نقاب کیاگیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈوزیئر میں مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے بھارت کے مذموم منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے ۔ ڈوزیئر میں عالمی برادری پربھی زوردیاگیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سخت نوٹس لے ۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ڈوزیئر میں شواہد کے علاوہ کشمیریوں کے خلاف جرائم میں ملوث بھارتی فوجیوں کے نام بھی شامل کئے گئے ہیں ۔ پاکستان نے گزشتہ سال بھی اسی طرح کا ایک ڈوزیئر پیش کیا تھا جس میں ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کئے گئے تھے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے تمام بین الاقوامی اور انسانی حقوق سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ پاکستان کے ڈوزیئر میںبین الاقوامی اور بھارتی ذرائع ابلاغ کے علاوہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی رپورٹوں کابھی حوالہ دیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان یہ ڈوزیئر بابائے حریت سیدعلی گیلانی کی شہادت کے بعد بھارت کے مقبوضہ کشمیرمیں کریک ڈائون کے بعد جاری کیا ہے جس میںدنیا کے سامنے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کیاگیا ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو بے نقاب کرنے کیلئے انتھک کوششیں کرر ہا ہے اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیںکشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کو دستاویزی شکل دے رہی ہیں۔ بھارت میں مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی کی زیرقیادت بھارت جرمنی کے نازیوںکی طرح ہندوتوا کے زیر اثر ایک فسطائی حکومت بن چکی ہے اور عالمی برادری اپنی خاموشی ترک کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کرانے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔