کل جماعتی حریت کانفرنس کا مقبوضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہار تشویش
سرینگر10: کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز مسلسل بے گناہ شہریوں کو گرفتاراورہراساں کررہی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں نے حالیہ دنوں میں سرینگر، گاندربل، بانڈی پورہ، کپواڑہ، بارہمولہ، کولگام، شوپیاں، کٹھوعہ، راجوری، پونچھ، ڈوڈہ اور سانبہ اضلاع کے مختلف علاقوںمیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد بے گناہ شہریوں کو گرفتاراورہراساں کیا ۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی کے نام پر لوگوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اوران کو ہراساں کیاجارہا ہے۔محاصرے اورتلاشی کی مسلسل کارروائیوں اورپوچھ گچھ کے باعث مقامی آبادی کی مشکلات اور ذہنی تنائو بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ان کارروائیوں کے ذریعے اپنے جنگی جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے کوایک فوجی چھائونی اور پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگست 2019سے پورا علاقہ محاصرے میں ہے اورلوگوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔حریت ترجمان نے کہاکہ بھارت کی بی جے پی حکومت نہ تو امن اور ترقی کے جھوٹے پروپیگنڈے سے عالمی برادری کو گمراہ کر سکتی ہے اورنہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم کر سکتی ہے ۔